حکومت کا انجن فیل ہوچکا، سلیکٹرز کا دھکا بھی کام نہیں آ رہا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورونا نہیں حکومت جانے کا رونا ہے، حکومت اتنی بزدل ہے کہ کورونا کے پیچھے چھپ رہی ہے اور حکومت کی جانب سے اپوزیشن پر لاک ڈاؤن کی کوشش ہو رہی ہے لیکن عوام عمران خان کا لاک ڈاؤن کرنے والی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے وائرس کا نام عمران خان ہے، پاکستان کولگے مہلک وائرس کا پہلے علاج کیا جائے، کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے کیوں کہ کووڈ 18 گھر چلا جائے تو کووڈ 19 بھی چلا جائے گا۔

ملک کے سب سے بڑے وائرس کا نام عمران خان ہے

مریم نواز نے کہا کہ کیا وزراء کے جلسے میں کورونا نہیں آتا، کیا کورونا کہتا ہے کہ تحریک انصاف کا جلسہ ہےتو واپس چلا جاؤں اور پی ڈی ایم کاجلسہ ہے تو میں اندر آجاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اتنا سمجھ دار ہے کہ جہاں 300 افراد کا جلسہ ہے وہاں نہیں جانا اور جہاں اس سے زیادہ افراد ہیں وہاں چلے جانا ہے، کورونا کو پتا ہوتا ہے کہ یہ جلسہ پاکستان تحرک انصاف ہے اس لیے باہر سے ہی لوٹ جانا ہے اور اپوزیشن کے جلسوں میں اندر داخل ہونا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کہتے ہیں میں کاروبار نہیں کرتا، تو بھائی کاروبار محنت کرنے والے کرتے ہیں، جب ساری زندگی دوسروں کی جیبوں پر گزار کرنا ہے تو محنت اور کاروبار کی کیا ضرورت، فارن فنڈنگ کا مقدمہ اداروں کو استعمال کرکے کیوں روکا گیا ہے

فارن فنڈنگ کے ثبوت سامنے آئے تو عوام کو پتا چل جائے گا جو آج اسرائیل کے لیے مہم چلارہے ہیں اس کے پیچھے کون ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں چینی پچاس روپے کی تھی صادق اور امین کے دور میں ایک سو روپے ہے، نوازشریف کے دور میں غریب گھر میں کھانا کھاتا تھا صادق اور امین کے دور میں بھوکا سوتا ہے، عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کو مشکلات سے نکالنے کے لیے جیل بھی جانا پڑا تو کوئی پروا نہیں، نواز شریف کے دور میں 2 اور پانچ روپے کی روٹی تھی صادق اور امین کے درو میں 30 روپے کی روٹی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے ہمیں دشمن بھی ملا تو کم ظرف ملا، کیا کسی میں اتنی جرات ہے کہ مشرف کو پاکستان واپس لاسکے، کیا کوئی مشرف کو ایک دن بھی جیل میں رکھ سکا، محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا جاتا ہے اور قاتلوں کو ملک سے باہر فرار کرا دیا جاتا ہے، اکبر بگٹی کو قتل کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ کو جنازہ پڑھنے کی جازت نہیں دی گئی، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کےبعد انکےخاندان کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان میٹرو بس کو جنگلہ بس کہتے تھے کہ نہیں بناؤں گا، انھوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی جو چل کم اور جل زیادہ رہی ہے، اناڑی پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہے، دو سلیکٹرز مل کر پوری قوت سے بس کو دھکا لگا رہے ہیں لیکن بس نہیں چل رہی۔

علیمہ باجی نے سلائی مشین سے اربوں روپے کمالیے لیکن بندی ایماندار ہے، بنی گالہ کا محل بن گیا لیکن بندہ ایماندار ہے، 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں مفرور، لیکن بندہ ایماندار ہے، جان بوجھ کر ایل این جی کی ایمپورٹ میں تاخیر کی گئی لیکن بندہ ایماندار ہے۔

مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حکومت کشمیر کے الیکشن سے پہلے پہلے چلی جائے گی لیکن اگر یہ کشمیر میں ووٹ مانگنے آئے تو ان کو منہ نہ لگانا کیونکہ انہوں نے کشمیر کا سودا کیا ہے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ اس سے پہلے کہ پی ڈی ایم آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے خود حکومت چھوڑنے پر اتفاق کرلو، پی ڈی ایم فیصلہ کرنے والی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں، مریم نواز شریف آج آپ کو خبردار کررہی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں، پی ڈی ایم کی اس حکومت کو گھر بھیجنے کی تحریک آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

5 3 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x